سری پائے کھانے کے شوقین لاہوریئے ہوجائیں ہوشیار

10 Jan, 2018 | 01:41 PM

(ناصر علی ) سری پائے کھانے کے شوقین لاہوریئے ہوجائیں ہوشیار، مزیدار سمجھے جانے والے سری پائے دکانوں پر پہنچنے سے قبل تیار کس طرح ہوتے ہیں۔ یہ جان کر کھانا تو دور شاید انہیں کوئی دیکھنا بھی پسند نہ کرے۔

سٹی 42 نے کھابوں کے شوقین لاہوریوں کو مضرصحت سری پائے کھلائے جانے کے گھناؤنے کھیل کا پردہ چاک کر دیا۔ شیرا کوٹ بکر منڈی میں زیادہ منافع کے لالچ میں ایکسرے شیٹس، پلاسٹک اور گندے نالوں میں پڑے کوڑا کرکٹ سے آگ جلا کر سری پائے کے بال جلائے جانے لگے۔

مرچ مصالحوں سے تیار کر کے ناشتے کی دکانوں پر ذائقوں کی بہار لانے سے پہلے صحت کے اصولوں کو کس طرح ریزہ ریزہ کیا جا رہا ہے، یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں بلکہ یہ سب جرم فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح شیرا کوٹ بکرمنڈی میں کھلے عام سری پائے گندگی سے آگ جلا کر لاہوریوں کے ناشتے کو زہریلا بنایا جا رہا ہے۔سری پائے کو پراسس کرنے کا عمل بھی انتہائی غیر مناسب ہے۔ آلودہ پانی میں دھو کر گندی زمین پر رکھ کر حفظان صحت کے اصولوں کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔

فوڈاتھارٹی کے دعوے اپنی جگہ مگر بکر منڈی میں انسانی صحت کیساتھ کھیلنے کا گھناؤنا عمل انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرکے انہیں پابند سلاسل کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں