(ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ترقی پسند ملک کیلئے انتشار موزوں نہیں، دعا اور خواہش ہے کہ حالیہ انتخابات ملک میں معاشی استحکام لائیں، عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے انعقاد پر نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں مبارکباد کی مستحق ہیں،آرمی چیف نے عام انتخابات میں تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حق رائے دہی کیلئے آزادانہ شرکت جمہوریت کیلئے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں، میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا،سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں، غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے، جمہوری قوتوں کی نمائندہ حکومت ملک کی متنوع سیاست کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی،ان کا کہنا تھا پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ قوم کے اعتماد کا جواب دیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔