محسن نقوی کا گھر  آج کی اہم ترین سرگرمی کا مرکز بن گیا، شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات

10 Feb, 2024 | 12:50 AM

سٹی42: پاکستان میں نئی حکومت کس کی ہو گی، مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر نگران وزیر الیٰ محسن نقوی کا گھر ملک کی اہم ترین سیاسی سرگرمی کا مرکز بن گیا۔

8 فروری کو منتخب ہونے والی پارلیمنٹ میں دو سب سے بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں میاں شہباز شریف اور  آصف علی زرداری  نے  پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی کے گھر پر ملاقات کی ہے۔

  لاہور میں سیدمحسن رضا نقوی کا گھر اچانک میڈیا  میں خبروں کا موصضوع بنا گیا۔ پاکستان کے مستقبل کا اہم ترین فیصلہ کرنے کے لئے 8 فروری کو منتخب ہونے والی نئی پارلیمنٹ میں دو بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈر باہمی ملاقات کے لئے  سید محسن رضا نقوی کے گھر پہنچے تو میڈیا میں کھلبلی مچ گئی اور میڈیا کے نمائندے بھاگم بھاگ محسن نقوی کے گھر کے باہر جمع ہو گئے۔۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹریرینز کے چئیرمین سابق صدر  آصف زرداری اور پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف  اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات محسن نقوی کے گھر پر جاری  رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے سربراہ  آصف علی زرداری کو حکومت سازی کے لئے میاں نواز شریف کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں مزید ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے مابین یہ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جس میں آئندہ حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر شہباز شریف نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کا پیغام آصف علی زرداری کو پہنچایا۔

 ذرائع کے مطابق حکومت سازی کیلئے دونوں جماعتوں کی جانب سے رائے پیش کی گئی جس کے بعد آئندہ ملاقات میں تمام تر معاملات کو باہمی مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دی جائے گی۔

اس اہم ملاقات کے بعد آصف زرداری محسن نقوی کے گھر سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے ، سابق صدر کی اسلام آباد میں آج اہم سیاسی رہنماؤں سمیت آزاد امیدواروں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ 

مزیدخبریں