(مانیٹرنگ ڈیسک) نئے پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی تردید کے باوجود ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کا غیرمعمولی رش جاری ہے جس کے باعث صورتحال پر قابو پانے کیلئے چھٹی کے روز ہفتہ 11 فروری سے ملک بھر میں مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھولنے کا حکم دیا گیا ۔
پاکستانی پاسپورٹ بنانے کی فیسوں میں اضافے کی افواہ کی اطلاع سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد سے پاسپورٹ دفاتر میں غیر معمولی رش ہے۔ ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن کے مطابق چونکہ ہفتے کو نیشنل بینک کی برانچز بند ہوں گی اور شہری بینک میں فیس جمع نہیں کرا سکیں گے اس لیے جن شہریوں نے پاسپورٹ بنانے کی اپنی فیس آن لائن یا پہلے سے بینک میں جمع کروا دی ہے وہ اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے، ایسے شہری 11 فروری بروز ہفتہ کو صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پاسپورٹ کے حصول کیلئے رجوع کرسکتے ہیں۔
ڈائریکٹر امیگریشن نے کہا کہ کراچی حیدرآباد، لاڑکانہ، سانگھڑ، ٹنڈو اللہ یار، میرپور خاص، خیرپور، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، نوابشاہ، دادو، گھوٹکی اور مٹیاری سمیت سندھ کے تمام 13 پاسپورٹ دفاتر کل کھلے رہیں۔
11 فروری کو سینٹرل پنجاب زون، خیبر پختونخوا زون، نارتھ پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان زون، سندھ زون، بلوچستان زون، ساؤتھ پنجاب زون اور ہیڈ کوارٹر زون کے مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔