(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس 2 سال بعد بحال کردیئے گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس 2021 میں ان کے دورِ صدارت کے آخری ایام میں امریکی پارلیمنٹ پر حملے کی حمایت کے بعد معطل کیے گئے تھے،گزشتہ ماہ میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام پر پابندی آنے والے ہفتوں میں ختم ہوجائے گی۔
میٹا کے گلوبل افیئرز کے صدر نیک کلیگ نے کہا کہ ٹرمپ کے حامی اب یہ سننے کے قابل ہوں گے ان کے سیاسی رہنما کن خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔تاہم میٹا کے اعلان کے کچھ ہفتے گزرجانے کے بعد گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس دوبارہ بحال کردیے گئے۔
میٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ٹرمپ نے ایک بار پھر قوانین کی خلاف ورزی کی تو ان کے اکاؤنٹس دوبارہ معطل کردیے جائیں گے۔