چینی غبارہ واضح طور پر جاسوسی کیلئے استعمال ہو رہا تھا، امریکی محکمہ خارجہ

10 Feb, 2023 | 08:56 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ چینی غبارہ واضح طور پر جاسوسی کے مقاصد کیلئے استعمال ہو رہا تھا۔

امریکا کی جانب سے چینی غبارے کے حوالے سے نئی معلومات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چینی غبارہ واضح طور پر جاسوسی کیلئے استعمال ہو رہا تھا اس پر متعدد اینٹنا نصب تھے جس کا مطلب ہے کہ وہ ’’ جیو لوکیٹنگ کمیونیکشنز ‘‘کی معلومات جمع کرنے کی صلاحیت کا حامل تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے چینی غبارے پر ایسے آلات نصب تھے جو سگنلز انٹیلیجنس کلیکشن آپریشن کے استعمال کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی غبارہ موسمیاتی ڈیٹا جمع کرنے والے ائیرشپ کے برعکس جاسوسی کے آلات سے لیس تھا، اور چین کے نگرانی والے پروگرام کا حصہ تھا جو 5 براعظموں اور 40 ممالک سے ہوتا ہوا امریکی حدود میں پہنچا تھا۔

امریکی عہدیدار کا نام ظاہر کیے بغیر کہنا تھا کہ غبارہ بنانے والی کمپنی کا چینی فوج سے براہ راست تعلق ہے۔

دوسری جانب اپنی ریگولر نیوز کانفرنس میں چینی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر امریکی دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم تھا کہ غبارہ کسی فوجی فلیٹ کا حصہ ہے لیکن اب لگتا ہے کہ وہ امریکا کی چین کے خلاف انفارمیشن وار فیر کا حصہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکا پر واضح کر چکے ہیں اور بار بار کہتے رہے ہیں کہ غبارے کا امریکی فضائی حدود میں داخل ہونا ایک غیر ارادی اور غیر متوقع حادثہ تھا جس پر امریکا کی جانب سے اوور ری ایکٹ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں