شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

10 Feb, 2022 | 04:23 PM

(جمال الدین) لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کردی۔

سپیشل جج سینٹرل ون لاہور اعجاز حسن اعوان نے ایف آئی اے کے مقدمے کی سماعت کی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور حاضری مکمل کروائی، عدالت نے مقدمے کا ٹرائل شروع کرنے کیلئے چالان کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ مقدمہ کی نقول فراہم کرنے کے بعد لمبی تاریخ ملنی چاہیے تاکہ چالان پڑھنے اور تیاری کیلئے وقت مل سکے، 14 فروری سے قومی اسمبلی کا اجلاس بھی شروع ہو رہا ہے، استدعا ہے کہ لمبی تاریخ دی جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اجلاس کے دوران آپ حاضری معافی کی درخواست دائر کر سکتے ہیں، پراسیکیوٹر نے کہا ضمانتوں پر دلاٸل دینے کے لیے تیار ہیں، عدالت ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرے، عدالت نے ملزمان کے وکلا کو ہدایت کی کہ چالان کی نقول چیک کرلیں تاکہ بعد میں آپ یہ نہ کہیں کہ دستاویزات کم ہیں، عدالت نے نقول تقسیم کرنے کے بعد مزید سماعت 18 فروری تک ملتوی کردی اور شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔

مزیدخبریں