عامر لیاقت نے تیسری شادی کرلی، تصویر منظر عام پر آگئی

10 Feb, 2022 | 02:06 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کر لی، جس کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی۔

 تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے اپنی تیسری بیوی کے ہمراہ تصویر شئیر کی اور کیپشن میں لکھا کہ گذشتہ رات میں نے 18 سالہ سیدہ دانیا شاہ کے ساتھ نکاح کر لیا، دانیا ایک مہذب نجیب الطرفین سادات خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جس کا تعلق پنجاب کے شہر لودھراں سے ہے۔

 انسٹا گرام پوسٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے چاہنے والوں اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی اور گذشتہ شادی سے متعلق کہا کہ میں ایک اندھیری سرنگ سے نکل کر آیا ہوں، میں غلط سمت میں مڑ گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات عامر لیاقت کی سابقہ دوسری بیوی   ماڈل طوبی انور نے  اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصدیق کی تھی کہ انہوں نے خلع لے لیا۔ انسٹاگرام پوسٹ میں سیدہ طوبیٰ انور نے کہا کہ  ان کے قریبی رشتے دار اور دوست جانتے ہیں کہ انہوں نے 14 ماہ قبل ہی شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی،  انہیں صلح کی کوئی صورت نظر نہیں آئی، جس کے بعد انہوں نے مجبور ہوکر خلع لیا،  عامر لیاقت اور طوبیٰ انور 2018 میں ازدواجی بندھن میں بندھے تھے۔

مزیدخبریں