گارڈن ٹاؤن (سٹی42) پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے پاکستانی خواتین سیاستدانوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا۔
ٹی وی پروگرام کے دوران نادیہ خان نے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اچھے لیڈر ہیں، عمران خان لوگوں کی آخری امید ہیں، تاہم ساتھ ہی کہا کہ وہ اب عوام کو گھبرانے کی اجازت بھی دیں۔ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے کہا کہ مریم نواز اچھا میک اپ اور فیشن کرتی ہیں جب کہ ان کے فیشن سے متعلق مہنگے فیشن کی باتیں درست نہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو کہا کہ وہ اطمینان رکھیں کہ وہ ہرجانے کے پانچ کروڑ ادا نہیں کریں گی بلکہ پچاس کروڑ روپے وصول کریں گی۔
میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ بلاول بھٹو کو اپنا داماد بنانا چاہیں گی؟ جس پر انہوں نے حیرانگی کا اظہار کیا لیکن بعد ازاں مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ 'کیوں نہیں؟'پروگرام کے دوران نادیہ خان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں آنے سے متعلق سوچ رہی ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ باقی تمام خواتین سیاستدان اچھا کام نہیں کر رہیں، اس لیے انہیں سیاست میں جاکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
نادیہ خان نے کہا کہ پاکستان میں اچھی اچھی خواتین سیاستدان ہیں مگر وہ کام نہیں کر رہیں مگر وہ سیاست میں جاکر صرف کام کریں گی۔ انہوں نے سیاست میں انٹری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا نہیں سوچا مگر وہ سیاست میں آنے کا سوچ رہی ہیں۔