ویب ڈیسک : ماڈل طوبی انور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرآگاہ کیا کہ مذہبی اسکالر عامر لیاقت حسین سے خلع لے لیا
ماڈل طوبی انور نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان و اسکالر عامر لیاقت حسین سے خلع لے لی۔ سیدہ طوبیٰ انور نے اپنی ٹویٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے قریبی رشتے دار اور دوست جانتے ہیں کہ انہوں نے 14 ماہ قبل ہی شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اداکارہ نے شوہر سے علیحدگی کا سبب بتائے بغیر بتایا کہ انہیں صلح کی کوئی صورت نظر نہیں آئی، جس کے بعد انہوں نے مجبور ہوکر خلع لی۔
طوبیٰ انور نے لکھا کہ کوئی راستہ نہ ملنے پر انہوں نے مجبورا علیحدگی (خلع) لی، یہ مشکل وقت ضرور ہے مگر یقین ہے کہ اللہ نے یہ بہتر ہی فیصلہ کیا ہوگا۔ اس کےساتھ ہی انہوں نے اپیل کی کہ ’میں مشکل میں ہوں لہذا میری پرائیویسی کا خیال رکھا جائے‘۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی پروگراموں کے میزبان عامر لیاقت اور طوبیٰ انور 2018 میں ازدواجی بندھن میں بندھے تھے، جس کے بعد عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ نے اُن سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
خود سے کئی سال کم عمر اور بیٹی کی عمر جتنی لڑکی سے شادی کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جب کہ ان کے بچوں نے بھی انہیں طعنے دیے تھے۔ دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت کی پہلی شادی ختم ہوگئی تھی اور ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ نے دسمبر 2020 میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔سیدہ بشریٰ نے بتایا تھا کہ دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت نے انہیں طلاق دے دی تھی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہیں کب طلاق ہوئی۔
دوسری شادی کے ڈھائی سال بعدعامر لیاقت کی تیسری شادی کی افواہوں کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ان سے دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر نے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کی تردید کی گئی تھی ۔عامر لیاقت نے تیسری شادی کا دعویٰ کرنے والی لڑکی ہانیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی ویڈیو شیئر کی تھی۔جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ تیسری شادی کی جھوٹی خبروں سے ان کا گھر بھی ٹوٹ گیا۔
عامر لیاقت کی جانب سے تیسری شادی کی افواہوں پر اپنا گھر ٹوٹ جانے کا جملہ استعمال کیے جانے کے بعد ان کی طوبیٰ سے طلاق کی خبریں وائرل ہونے لگیں۔عامر لیاقت نے ایک روز قبل بھی طوبیٰ سے طلاق کی خبریں چلانے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔