(حافظ شہباز علی) کبڈی ورلڈکپ کے دوسرے روز بھارت ، ایران اور آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کرلی، ایران نے مسلسل دوسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی تو کینیڈا کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
پانچویں کبڈی ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلے پنجاب اسٹیڈیم میں جاری ہیں، دوسرے روز بھارتی سورما پہلی مرتبہ اس میگا ایونٹ کے لئے میدان میں اترے ، دفاعی چیمپئن بھارت نے جرمنی کو 28 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سےشکست دی۔
دوسرے میچ میں ایران نے انگلینڈ کو 27 کے مقابلے میں 57 پوائنٹس سے شکست دے کر سیمی فائنل کی راہ ہموار کرلی، انگلینڈ کا کوئی کھلاڑی ایرانی ٹیم کے سامنے نہ جم سکا، لاہور میں ایرانی قونصلیٹ محمد رضا ناظری نے ایرانی ٹیم کے ساتھ ملاقات بھی کی۔
تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے کینیڈا کو 11 پوائنٹس سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا، آسٹریلیا نے تین مرتبہ کی سیمی فائنلسٹ مضبوط کینڈین ٹیم کو 37 کے مقابلے میں 48 پوائنٹس سے شکست دی۔
ورلڈکپ کے تیسرے روز پہلے میچ میں آسٹریلیا اور آذر بائیجان ، دوسرے میچ میں انگلینڈ اور جرمنی جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں سیرا لیون اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
گزشتہ روز پاکستانی شیر جوانوں نے کبڈی ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز کیا، افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 40 پوائنٹس کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 24 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دی۔
پاکستانی رائیڈرز اور سٹاپرز کے شاندار کھیل کے سامنے کینیڈا کے کھلاڑی کھیل کو دونوں شعبوں میں حسرت کی تصویر بنے رہے۔ پاکستان کے لالہ عبید اللہ کمبوہ، عرفان مانا، بلال جاوید، خالد بھٹی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلوائی۔
دوسرے میچ میں سیرا لیون کی ٹیم ایرانی ٹیم پر کوئی تاثر نہ چھوڑ سکی اور ایران نے سیرا لیون کو 19 کے مقابکے میں 60 پوائنٹس سے شکست دے کر پہلی کامیابی اپنے نام کرلی۔
واضح رہے میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گجرات میں بھی ٹورنامنٹ کے میچز شیڈول ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور پوزیشن میچز 15 فروری جبکہ فائنل 16 فروری کو لاہور میں ہوگا۔