کتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی

10 Feb, 2020 | 07:23 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری، راؤ دلشاد ) آوارہ کتے شہریوں کیلئے وبال جان، آوارہ کتوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مہم کے باوجود کتے کاٹے کے واقعات میں مسلسل  اضافہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں نے 106 افراد کو کاٹ لیا۔ آوارہ کتوں کا نشانہ بننے والوں میں اکثریت بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کی ہے۔ کتے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات شہریوں کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں جس سے شہری خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔

دوسری جانب ضلعی کتا مار برگیڈ کی شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک سو اکتالیس آوارہ کتے گن فائر جبکہ اٹھائیس کو زہر خورانی سے ہلاک کیا گیا۔ نشتر زون کے علاقوں گجومتہ چوک، کچا جیل روڑ، چونگی امر سدھو، فیروزپور روڑ میں 35 آوارہ کتوں کو تلف کردیا گیا۔

گلبرگ زون اور سمن آباد زون کے علاقوں فیصل ٹاؤن، غالب مارکیٹ، گلفشاں کالونی، گلشن راوی اور جعفریہ کالونی میں 31 آوارہ کتوں کو تلف کردیا گیا، شالامار زون، عزیز بھٹی زون اور واہگہ زون کے علاقوں مدینہ کالونی، علی ہجویری کالونی مغلپورہ اور باٹا پور میں 32 آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

اسی طرح راوی زون کے علاقوں عمر کالونی، جی او آر فائیو، بیگم کوٹ، سگیاں، مقبرہ جہانگیر اور شاہدرہ میں 28 آوارہ کتوں کو تلف کردیا گیا، علامہ اقبال زون کے علاقوں ٹھوکر نیاز بیگ، ڈی ایچ اے فیز تھری، اور رائے ونڈ میں 43 آوارہ کتوں کو تلف کردیا گیا۔

مزیدخبریں