ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہر سے مویشیوں کے انخلاء کی مہم بری طرح ناکام

شہر سے مویشیوں کے انخلاء کی مہم بری طرح ناکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد ) میٹروپولیٹن کارپوریشن کی رہائشی علاقوں سے مویشیوں کے مکمل انخلاء کی مہم ناکامی سے دوچار، شہر کے سات مقامات پرکیٹل کمپاؤنڈز تعمیر کرنے کا منصوبہ سرخ فیتے کی نظر ہوگیا، پولیس نے بھی ہاتھ کھڑے کردیئے۔    

تین ماہ قبل سات مقامات پرکیٹل کمپاؤنڈز تعمیر کرنے کے لیے ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کو مراسلہ لکھا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے تحویل میں لیے گئے مویشیوں کو کمپاؤنڈز میں رکھنے کے لیے منصوبہ بندی کاغذات تک محدود ہوچکی ہے۔ کمپاؤنڈز میں مویشیوں کے لیے پانی اور چارےسمیت تمام سہولیات مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

کیٹل کمپاؤنڈز میں باؤنڈری وال، شیڈز اور کھرلیاں بھی تعمیرکی جانا تھیں۔ عزیربھٹی زون اور واہگہ زون کے لیے موضع سلطان پورہ جلوموڑ میں چارکنال، شالیمار زون اور گلبرگ زون میں موضع اچنت گھر میں سات کنال دس مرلہ اراضی کی نشاندہی کی گئی۔

داتا گنج بخش زون کے لیے کرایہ پر چار کنال اراضی حاصل کرکے کیٹل کمپاؤنڈ بنائے جانا تھے۔ راوی زون، سمن آباد زون، علامہ اقبال زون اور نشتر زون میں کیٹل کمپاؤنڈز کی تعمیر کے لیے اراضی کرایہ پر حاصل کرنا تھی۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ورکنگ پیپر تیار کرکے کمشنر لاہور وایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کو ارسال کیا لیکن تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔ کمشنر لاہور وایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کی منظوری کے بعد کیٹل کمپاؤنڈز کی تعمیر ممکن ہوسکے گی۔

واضح رہے گزشتہ روز جوہرٹاؤن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شادیوال وسمسانی گاؤں میں سے مویشیوں کا انخلاء مہنگا پڑگیا، شادیوال میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، ریگولیشن عملے کے ساتھ مویشی مالکان نے دھکم پیل اور ہاتھا پائی کی، مویشی مالکان نے آتشیں اسلحہ نکال لیا اور عملے کو ہراساں کیا۔

میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ون نے کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا تھا، پولیس کی نفری کی موجودگی میں مویشی مالکان نے آپریشن میں بھرپور مزاحمت کی، ذوالفقار کھوکھر وغیرہ نے اسلحہ کے زور پر مویشیوں کو تحویل میں نہیں لینے دیا، ایم اوریگولیشن زبیروٹو کا کہناتھا کہ ذوالفقار کھوکھر وغیرہ نے ہوائی فائرنگ کی اور عملہ کو ہراساں کیا۔