تحریک انصاف نے (ق) لیگ کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمر کس لی

10 Feb, 2019 | 12:39 PM

Sughra Afzal

(علی اکبر) تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے تحفظات دور کرنے کی کوششیں تیز کردیں، نعیم الحق کو خصوصی ہدایت دے کر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ان کے گھر بھیج دیا۔ 

 ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے اپنے اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے کوششیں تیز کر دی گئیں، وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی، مونس الہیٰ، سالک حسین، حسین الہیٰ، اعجاز چودھری، سینیٹر کامل علی آغا، صوبائی وزیر محمد رضوان، شافع حسین اور سلیم بریار بھی موجود تھے۔  

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ ق سےاتحاد کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، کچھ لوگ ہمارا اتحاد نہیں چاہتے اور افواہیں پھیلاتے ہیں لیکن دونوں جماعتوں میں کوئی ایسا اختلاف نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔

 چودھری شجاعت حسین نے نعیم الحق کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اکٹھے چلنے کا عہد کر رکھا ہے، افواہیں پھیلانے اور الحاق میں رخنہ ڈالنے والے ناکام رہیں گے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار عمران خان کا انتخاب ہیں جو ان کا احسن فیصلہ ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔  ہم ان کے خلاف کوئی بھی تحریک ناکام بنا دیں گے اور کسی سازش کا ساتھ نہیں دیں گے۔

 چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ ہمارا کوئی آدمی حمزہ شہباز یا کسی اور سے نہیں مل رہا اور نہ ہی ہمارا ان کے ساتھ کوئی تعلق ہے۔

مزیدخبریں