کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، مریدکے کیمپس شروع کرنے کا فیصلہ

10 Feb, 2019 | 08:59 AM

Sughra Afzal

 (بسام سلطان) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 46 واں سنڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سینئر ممبر پبلک سروس کمیشن امتیاز احمد خان، پارلیمانی سیکرٹری نذیر احمد چوہان، پارلیمانی سیکرٹری عمر آفتاب، ایم پی اے سیدہ زہرہ نقوی، ایم پی اے صادقہ صاحبداد خان، نمائندہ ایچ ای سی پروفیسر کامران خالد چیمہ، صحت اور فنانس کے نما ئندگان سمیت ڈینز اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے منسلک تمام ہسپتالوں کے ایم ایس نے شرکت کی۔

 وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء کو یونیورسٹی کے شاندار تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا۔ یونیورسٹی میں جاری اور حالیہ تکمیل شدہ منصوبہ جات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فنانس، اکیڈیمیک اور ریسرچ کے معاملات کی منظوری دی گئی جبکہ نیو کیمپس مریدکے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے پر بات ہوئی۔

پارلیمانی سیکرٹری نذیر احمد چوہان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر اور پروفیسر ابرار اشرف سمیت ساری ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پارلیمنٹیرین نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریضوں کو ملنے والی سہولیات بارے پوچھا۔ مزید بتایا گیا کہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی جانب سے کے ای ایم یو سے منسلک 7 ہسپتالوں کو ہدایات جاری کر دی گئی۔

ہسپتالوں میں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو کہ مریضوں کے رش کو اور ان کو ملنے والی سہولیات کی نگرانی کرے۔ میڈیا فوکل پرسن اور میڈیا کو بریفنگ کے لئے علیحدہ کمرہ مختص کیا جائے۔ ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ تربیت، مریضوں سے اچھا سلوک اور بہترین حکمرانی پر آگاہی سیمینار، ورکشاپ اور لیکچرز کا انعقاد کیا جائے۔

مزیدخبریں