ویب ڈیسک: بالی وڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور نے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں 'دی امیزنگ اسپائیڈر مین' کے اینڈریو گارفیلڈ کے ساتھ پوز دے کر مداحوں میں ہلچل مچادی۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کا چوتھا ایڈیشن اس وقت جدہ میں جاری ہے، جس میں بین الاقوامی فلمی برادری کے کئی بڑے ناموں کو سعودی عرب میں عالمی سنیما کے شاندار جشن کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔شردھا کپور کے علاوہ بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان، عامر خان اور کرن راؤ سمیت بالی وڈ کی دیگر کئی مشہور شخصیات جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2024 میں شرکت کر رہی ہیں۔
اس موقع پر اداکارہ شردھا کپور اور ہالی وڈ اداکار اینڈرو گارفیلڈ کی ایک ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی ہیں، جو بلاشبہ قابلِ دید ہیں۔
شردھا کپور رنگین چمکدار گاؤن میں انتہائی دلکش لگ رہی تھیں جبکہ گرے سوٹ میں ملبوس اینڈریو گارفیلڈ بھی کافی ہینڈسم دِکھ رہے تھے۔
'استری' اور 'اسپائڈرمین' کے اِس کراس اوور پر مداحوں کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔کئی سوشل میڈیا صارفین نے 'استری' فرنچائز کی اگلی فلم میں اسپائڈرمین کے کیمیو کی امیدیں بھی باندھ لیں۔
واضح رہے کہ شردھا کپور رواں برس ریلیز ہونے والی اپنی آخری فلم ’استری2’ کی شاندار کامیابی کے بعد ڈھیروں تعریفیں سمیٹ رہی ہیں۔بھارت کی تاریخ کی سب سے بڑی فلموں میں شامل ہونے والی ’استری 2‘ میں شردھا کپور نے چڑیل کا کردار ادا کیا اور عام آدمی کا کردار نبھاتے ہوئے اداکار راج کمار راؤ اس بار ایک ‘سر کٹے‘ سے لڑتے نظرآئے۔دلچسپ ڈائیلاگز، سنسنی خیز مناظر، اور سر کٹے جن سے مقابلہ کرتی اس مافوق الفطرت کہانی نے جہاں لاکھوں فلم بینوں کے رونگٹے کھڑے کیے وہیں ریلیز کے کئی ماہ بعد بھی اس فلم کے چرچے زبان زد عام ہیں۔