اویس کیانی: وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی،قائمقام امریکی سفیر نےاسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
پاک امریکہ تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاکستان میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو کی گئی۔ نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید بنانے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، ملاقات میں ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر بنانےمیں تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
امریکہ نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا،محسن نقوی نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے
انہوں نے کہا کہ سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور سازوسامان سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے،پاکستان اور امریکہ کے مابین بہترین تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے، قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی.