ویب ڈیسک: پاکستان کے شہرہ آفاق مزاح نگار اور مصنف انور مقصود نے اپنے اغوا کی خبروں کی تردید کردی۔
آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی 17ویں اردو کانفرنس کے اختتامی روز خطاب کرتے ہوئے انور مقصود نے خود کو اغوا کیے جانے کی خبروں پر وضاحت دی۔
انہوں نے کہا کہ میں 60 سال سے لکھ اور پڑھ رہا ہوں لیکن کبھی شہیدوں کے ساتھ مذاق نہیں کیا، میری بات سے کسی کو دکھ ہوا تو معافی کا طلب گار ہوں۔
انور مقصود نے بتایا کہ دو روز سے ان کے گھر پاکستان سمیت بیرونِ ملک سے فون کالز آرہی ہیں جب کہ سوشل میڈیا بھی ایسی خبروں سے بھرا پڑا ہے کہ انور مقصود کو اٹھالیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عہد کرتا ہوں، آج تک زندہ لوگوں کے بارے میں بات کرتا آیا ہوں لیکن آج کے بعد ان پر بھی بات نہیں کروں گا۔
انور مقصود نے مزید کہا کہ نیوی میں ان کے اچھے دوست اور رشتے دار بھی خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں، وہ پاکستان کے تمام اداروں، بشمول نیوی اور مسلح افواج کا احترام کرتے ہیں، ان کا طنز ہمیشہ اصلاح کی نیت سے ہوتا ہے نہ کہ کسی کی توہین کے لیے۔