ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سردی کی نئی لہر ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

سردی کی نئی لہر ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کومل اسلم: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورسرد رہنے کا امکان ہے تاہم پہاری علاقوں میں رات/صبح کے اوقات میں شدید سرد رہے گا  جبکہ خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرا پڑنے کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر  لاہور کا موجودہ درجہ حرارت10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لاہورمیں فضائی آلودگی تھم نہ سکی،  آلودگی کے اعتبار سے لاہور پہلے نمبر پر ہے۔ شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح224ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس قونصلیٹ279،جو ہرٹاؤن میں شرح 258ریکارڈ،غازی روڈ انٹرچینج پر آلودگی کی شرح250ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں موسم سرما میں معمول سے کم بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے، بلوچستان میں ماہ دسمبر کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے، جنوری میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملک میں رواں موسم سرما کے دوران مجموعی طور پر معمول سے کم بارشیں ہونے کی پیش گوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ماہ دسمبر کے دوران خشک سردی رہے گی رواں ماہ بارش کا امکان نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنوری کے اوائل میں بارش کا سسٹم بنے گا، جس سے صوبے کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف ہوسکتی ہے۔

پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے  اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنےکا امکان  ہے  تاہم صبح کے اوقات میں شدید سرد/کہرا پڑنےکی توقع  ہے۔ ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرا پڑنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے ۔ بالائی اضلاع میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان  ہے۔ صبح کے اوقات میں ملتان،ڈیرہ غازی خان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، خانپور، رحیم یار خان، بہاولپور اور گردونواح میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات/صبح کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے ۔ سکھر، کشمور، جیکب آباد، موہنجوداڑو اور گر دو نواح میں بعض مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع  ہے۔ کشمیر اور  گلگت بلتستان میں  بھی موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔