فاران یامین : شہر لاہور میں کوڑے کرکٹ کو آگ لگانے پر عائد پابندی کے باوجود مسلم ٹاؤن موڑ فیروز پور روڈ پر کچرے کو آگ لگا دی گئی جس سے شہر میں سموگ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
مسلم ٹاؤن موڑ پر جمع کیے گئے کچرے کو آگ لگانے کا واقعہ شہر میں انتظامی ناکامی کو اجاگر کرتا ہے۔ اس آگ سے اٹھنے والا دھواں نہ صرف فضائی آلودگی کا سبب بن رہا ہے بلکہ سموگ کی شدت میں بھی اضافہ کر رہا ہے، جو شہر کے رہائشیوں کے لیے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔
شہر میں کوڑے کرکٹ کو آگ لگانے کی روک تھام کے لیے واضح پابندیاں عائد کی گئی ہیں لیکن انتظامیہ اپنے ہی فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ وقت پر اقدامات کرے تو اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کچرے کو آگ لگانے کے بعد سموگ میں اضافے کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے جس سے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ماہرین نے حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ فضائی آلودگی اور سموگ کے خطرات سے بچا جا سکے۔