زاہد اقبال رانا: ڈائریکٹر گجرانوالہ زون کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری، انسانی سمگلنگ اور دھوکہ دہی کے گھناؤنے جرم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گوجرانولہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں انسانی سمگلر منیر احمد اور فراڈ میں ملوث ملزمان مستنصر حیات اور ڈاکٹر قاسم شامل ہیں۔ ملزمان مستنصر اور ڈاکٹر قاسم نے بینک عملہ کی معاونت سے 1 کروڑ کا فراڈ کیا، ملزمان نے انوسٹ کے نام پہ شہریوں سے رقوم حاصل کیں۔
جبکہ ملزم منیر احمد نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم نے شہری کو غیر قانونی طور پر ترکی بھجوانے کے لیے 3 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے بٹورے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔