سٹی42: لاہور اور اس کے گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔
موٹروے پولیس کے مطابق اتوار کی رات لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے ایم 11 پر سفر کرنا از حد خطرناک ہو گیا ہے اس لئےاحتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو لاہور اور سیالکوٹ کے درمیان متبادل راستوں پر سفر کرنے کی صورت میں سفر کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم سے کم رکھنے اور فوگ لائٹس کے لازمی استعمال کی بھی ہدایت کی ہے ۔ شہری کسی ہنگامی صورتحال میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔