( سٹی42) راناثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلی توڑنے کا ڈرامہ چھوڑ کر اسمبلی تحلیل کرے، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں، پارٹی نے نواز شریف کو درخواست کی ہے الیکشن مہم کی قیادت کریں، الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے، پنجاب میں اس بار اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے سیاست بچانے کے لیے ملک کے نقصان پر تلے ہیں، ٹیریان عمران خان کی بچی ہے، شواہد موجود ہیں، ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگی، سیاسی انتقام کے لیے بنائے گئے کیسز ختم ہونے چاہئیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان منشیات خود استعمال کرتا ہے اور مقدمے ہمارے خلاف بنائے، ہم دونوں کے بلڈ ٹیسٹ ہونے چاہئیں، منشیات کون لیتا ہے پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف کوئی سیاسی کیس نہیں ہے، شہباز گل نے فوج میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی جس پر مقدمہ درج ہوا، اعظم سواتی کے خلاف بھی مقدمہ سیاسی نہیں ہے، اعظم سواتی نے بھی فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سیاسی مقدمات ہوتے تو انہیں 4،4 دن بعد ضمانتیں نہ ملتیں، ان کے خلاف سیاسی مقدمات ہوتے ہماری طرح 3،3 سال قید بھگتے، صدر مملکت عارف علوی مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ملکی معیشت بچانے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والے ملک کے دیوالیہ ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔