ویب ڈیسک: ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد انگلینڈ نے 79 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کردی ہے۔
ابرار احمد کے گراؤنڈ میں ہونے کے باعث انگلش ٹیم دوسری اننگز کا آغاز کچھ خاص انداز میں نہ کرسکی۔ابرار احمد نے زیک کراولی کو 3 کے اسکور پر رن آؤٹ جبکہ ول جیکس کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔
اس سے قبل بابر اعظم اور سعود شکیل نے پہلی نامکمل اننگز 2 وکٹ 107 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز کے اضافے کے بعد گری جب کپتان بابر اعظم کو 75 رنز پر فاسٹ بولر رابنسن نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 رنز پر گری جب ٹیسٹ کیریئر کی دوسری نصف سنچری بنانے والے سعود شکیل کو جیک لیچ نے 63 رنز پر آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے اسپن بولر جیک لیچ نے ہی پاکستان کی پانچویں اور چھٹی وکٹ حاصل کی، انہوں نے محمد رضوان کو 10 رنز پر بولڈ جبکہ محمد نواز کو ایک رن پر کیچ آؤٹ کرایا۔پاکستان کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ 169 رنز پر گری جب آغا سلمان 4 رنز اور محمد علی صفر پر جو روٹ کا شکار بنے۔
قومی ٹیم کی نویں وکٹ 10 رنز کے اضافے کے بعد گری جو کہ مارک ووڈ نے حاصل کی، انہوں نے زاہد محمود کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔پاکستان کی آخری وکٹ مارک ووڈ نے حاصل کی، انہوں نے فہیم اشرف کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کے عبداللّٰہ شفیق 14 اور امام الحق صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔