(فہد قیوم)خواجہ سراؤں کو شناخت مل گئی۔نادرا سنٹر کے علاوہ موبائل وین سے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت، ولدیت کے خانے میں گرو کا نام لکھوا سکتے ہیں۔ خواجہ سراوں کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ بننے سے ان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے چودھری رحمت علی میموریل ٹرسٹ ہسپتال میں تقریب ہوئی۔ جس کا مقصد خواجہ سراوں کی شناخت کیلئے آگاہی دینا تھا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نادرا سید ثقلین عباس بخاری نے کہا کہ خواجہ سرا نادرا سنٹرز کے علاوہ موبائل وین سے بھی اپنے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔
خواجہ سراؤں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ بننے سے ان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ڈائریکٹر اخوت ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی نے کہا کہ نادرا کے اقدام سے خواجہ سراوں کو دوسرے شہریوں کے برابر حقوق مل جائیں گے۔
تقریب میں عمران مرتضی، الیاس راجپوت ، ڈاکٹر عائشہ، صائمہ بٹ اور خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خواجہ سراوں نے شناختی کارڈز بھی بنوائے۔
نادرا حکام کے مطابق خواجہ سرا ولدیت میں اپنے گرو کا نام بھی لکھوا سکتے ہیں۔