ویب ڈیسک: ملتان میں حضرت شاہ رُکن الدین عالم ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کا 708 واں سالانہ عرس مبارک شروع ہوگیا۔
ملتان میں حضرت شاہ رُکن الدین عالم ملتانی کے 708 ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، سجادہ نشین درگاہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے درگاہ کو غسل دیا۔
حضرت شیخ رکن الدین والعالم‘ حضرت شیخ صدر الدین عارف کے فرزند اور حضرت شیخ بہائو الدین زکریا ملتانی کے پوتے ہیں۔سات سال کی عمر میں پانچوں وقت نماز باجماعت اَدا کرنے لگ گئے۔
شیخ رکن الدین اپنے والد محترم عارف باللہ حضرت شیخ صدر الدین عارف کے دست حق پر بیعت ہوئے اور سلوک کی منازل طے کیں اور خرقۂ خلافت سے سرفراز ہوئے۔ ان کی محنتوں اور کاوشوں کا صلہ تھا جس کی وجہ سے برصغیر پاک و ہند میں کفر کے اَندھیرے اِیمان کی روشنیوں میں تبدیل ہونا شروع ہوئے اور اِنہوں نے لوگوں کو راہِ راست پر لانے میں دِل و جان سے خدمت کی۔
حضرت شیخ رکن الدین عالم ۱۶ رجب المرجب بمطابق ۷۳۵ھ نمازِ مغرب سے فارغ ہونے کے بعد صلوٰۃ اوابین اَدا فرما رہے تھے۔ جب نماز سے فارغ ہوئے تو سجدے میں سر رکھ دیا۔ اُسی وقت محبوب کا بلاوا آیا اور روح پرواز کر گئی۔ اور آپ کو آپ کے دادا حضرت شیخ بہائوالدین زکریا ملتانیؒ کے قدموں میں دفن کیا گیا۔