ویب ڈیسک : فیس بک نے کرسمس پر اپنے امریکا اور کینیڈا کے تمام صارفین کو ورچوئل دنیا میٹا ورس کی ایپ '' ہورائزن ورلڈز'' مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دیدی ہے۔ یہ سہولت صرف اٹھارہ برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو دی گئی ہے۔
میٹا ورس ایس ورچوئل دنیا ہے جس میں آپ صرف سکرین پر دیکھنے کی بجائے اندر جا سکتے ہیں اور اس کا تجربہ کرسکتے ہیں۔یہ ایک لامتناہی، باہم جڑی ہوئی ورچوئل کمیونٹیز کی دنیا ہے جہاں لوگ ورچوئل ریئلٹی ہیڈسیٹ، آگمینٹڈ ریئلٹی گلاسز، سمارٹ فون ایپس یا دیگر آلات استعمال کرکے ملاقات کرسکتے ہیں، کام کرسکتے ہیں اور کھیل سکتے ہیں۔
اس میں آن لائن زندگی کے دیگر پہلوؤں جیسے شاپنگ اور سوشل میڈیا کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اور آپ اپنی حقیقی زندگی کے ساتھ ساتھ ایک ورچوئل زندگی بھی گذار سکیں گے۔ اس میں ورچوئل کنسرٹ میں شرکت، آن لائن ٹرپ، آرٹ ورک دیکھنے یا تخلیق کرنے اور ڈیجیٹل لباس آزمانے یا خریدنے جیسی چیزیں شامل ہیں۔
میٹاورس گھر سے کام کرنے میں گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ یادرہے کرونا میں کمی کے باوجود اس وقت 90 فیصد سافٹ وئیر ہاؤسز اور 70 فیصد دیگر ادارےگھرسے کام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔اب ویڈیو کال گرڈ پر ساتھی کارکنوں کو دیکھنے کی بجائے ان کے ساتھ ورچوئل آفس میں شامل ہوا جا سکے گا۔