مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت جتنی مرضی گرفتاریاں کر لے جلسہ تو ہوگا۔ استعفوں کی بارش سے ثابت ہو گیا کہ تمام اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ استعفی کے متن کو دیکھ کر یقین ہے تحریک انصاف والے بھی استعفی دے دیں گے۔
جاتی امراء رائیونڈ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں اگر مگر والی کوئی صورتحال نہیں، تمام اتحادی جماعتیں استعفوں سمیت تمام حکمت عملی پر مکمل متفق ہیں، لاہور جلسہ ہو کر رہے گا۔
انھوں نے کہا کہ یہ حکومت مقدمات قائم کرنے کا ریکارڈ بنائے تو ہم گرفتاریاں دینے کا ریکارڈ بنائیں گے۔ آج پھر مریم نواز 13 دسمبر کے جلسے میں شرکت کے لیے شہریوں کو دعوت دینے خود نکل رہی ہیں، لیکن ہمارے 2 لیگی کارکنوں کو عمران خان کے حکم پر گرفتار کر لیا گیا ہے حالانکہ عمران خان کہتے تھے کہ آپ احتجاج کریں، میں کنٹینر دوں گا۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوچھی حرکتیں کر کے سلیکٹڈ نے اپنی اوقات دکھا دی۔ اب عمران خان کا مقابلہ ڈی جے بٹ سے شروع ہو چکا ہے۔ لیگی کارکنوں کی گرفتاریاں ثبوت ہیں کہ ہچکولے کھاتی بزدل ووٹ چور حکومت گھر جا چکی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج ڈی جے بٹ بھی سوچتا ہو گا اس نے کس کی مدد کی تھی، احسان فراموشی عمران خان کی گھٹی میں شامل ہے۔