( در نایاب ) کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے کہا ہے کہ ہر چھوٹی و بڑی سکیم کے معیار کو متعلقہ ڈی سی تکنیکی بنیادوں پر چیک کرے گا۔
کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور دانش افضال، ڈی سی ننکانہ راجہ منصور، ڈی سی قصور اظہر حیات، ڈی سی شیخوپورہ سدرہ یونس اور ڈویلپمنٹ افسران نے شرکت کی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 149 سکیموں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی 27 سمیت 73 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں۔ مکمل سکیم کی تصویر کافی نہیں ہے، پیمائش و درست مٹیریل کو چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کنکریٹ، اینٹوں اور مٹیریل کا تجزیہ انجینئرز سے کرایا جائے۔
کمشنر لاہور سیف انجم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گول پروگرام کے تحت کل 166 سکیمز ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کی 117 سمیت کل سکیموں میں سے 131 کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 166 میں سے 73 سکیموں کا ورک ایوارڈ ہو چکا ہے۔ اے ڈی پی کے تحت تمام محکموں کی سکیموں کی تعداد 560 ہے۔