( شہزاد خان ) پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی مبینہ رشوت خوری سے ستائے ایل پی جی سیلرز نے بتی چوک میٹرو بس ٹریک پر دھرنا دیدیا۔ میٹرو سروس عارضی طور پر معطل رہی۔ ایل پی جی سیلرز نے افسران بالا سے رشوت خور اہلکاروں کیخلاف کارروائی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کاروباری امور میں مداخلت ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ایل پی جی کی دکانوں کی بندش، چھاپوں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی مبینہ رشوت خوری کیخلاف ایل پی جی سیلرز کا صبر جواب دے گیا، ایل پی جی سیلرز نے بتی چوک میٹرو بس ٹریک پر دھرنا دیدیا۔ درجنوں ایل پی جی سیلرز نے میٹرو ٹریک کو بند کیے رکھا، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا کاروبار تباہ کردیا ہے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر رشوت کا تقاضا کرتے ہیں اور رشوت نہ دینے کی صورت میں انکی دکانیں مختلف بہانے بنا کر سیل کردی جاتی ہیں۔ ایل پی جی سیلرز نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور رشوت خور کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایل پی جی سیلرز کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کیساتھ اگرچہ حفاظتی تدابیر پر امور طے ہوچکے ہیں مگر پولیس کے اعلی افسران کی یقین دہانیوں کے باوجود تھانوں کی سطح پر ایل پی جی کے کاروبار میں پولیس کی مداخلت کا سلسلہ جاری ہے، جسے فوری بند کیا جائے۔