انتظار کی گھڑیاں ختم، اورنج لائن ٹرین کا افتتاح ہوگیا

10 Dec, 2019 | 04:41 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) انتظار کی گھڑیاں ختم، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نےاورنج لائن میٹرو ٹرین کےڈیرہ گجراں اسٹیشن سے آزمائشی سفر کا افتتاح کردیا۔

ذرائع کے مطابق لاہوریوں کیلئے سب سے بڑی سفری سہولت اورنج لائن ٹرین کا آزمائشی رن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نےاورنج لائن ٹرین کے آزمائشی سفر کا افتتاح کیا، ٹرین الیکٹرک پاور کی مدد سے ڈیرہ گجراں سٹیشن تا علی ٹاؤن45 منٹ میں پہنچی، جس میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی ، اعلیٰ سرکاری افسران ، منصوبے پر کام کرنے والے چینی،مقامی اہلکاروں سمیت میڈیا نمائندے  سوار تھے،اورنج لائن ٹرین کو 3 ماہ تک آزمائشی طورپرچلا کراس کا مکینیکل، الیکٹریکل اوربریک سسٹم چیک کیا جائے گا اور لاہوریوں کو ٹرین پر سفر کیلئے ابھی مزید3  ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔

افتتاح کے موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین کے لائیو ٹرائل رن کی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، میٹرو ٹرین پاک چین دوستی کی علامت اور اہل لاہور کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے، اورنج لائن میٹرو ٹرین پہلی مرتبہ پورے روٹ پر بجلی کے ذریعے چلائی جارہی ہے، پراجیکٹ کا فزیکل انفراسٹرکچر مکمل ہوچکا ہے، اب بریک، الائنمنٹ، سگنل اور دیگر ٹیکنیکل ٹیسٹ کا عمل شروع ہورہا ہے جس کے بعد ٹرین عوام کے لیے چلائی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹروٹرین سی پیک کا مکمل ہونے والا پہلا ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے، اورنج لائن ٹرین کسی شخصیت یا سیاسی جماعت کا پراجیکٹ نہیں بلکہ عوام، حکومت پنجاب اور چین کا مشترکہ منصوبہ ہے، اورنج ٹرین کو پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرانسپورٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مزیدخبریں