(قذافی بٹ، بسام سلطان ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس، دسمبر سے اپریل تک پنجاب میں انسداد پولیو کی 3 خصوصی مہم چلانے اور مہم کی کامیابی کیلئے منتخب نمائندوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ آفس میں ہونیوالے اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیاکہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی مقامی سطح پر موثرمانیٹرنگ ہوگی، ڈپٹی کمشنر ہر ضلع میں مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں گے، انسداد پولیو مہم میں نمایاں شخصیات عملی طورپر حصہ لیں گے، جمعتہ المبارک کے خطبات میں بھی انسداد پولیو مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہاکہ انسداد پولیو مہم کےاہداف کے حصول کا باقاعدہ آڈٹ کیا جائےگا، زمینی حقائق کے مطابق ڈیٹا مرتب کیا جائے، پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا پابند بنایا جائے، پنجاب میں دوسرے شہروں سے آنے والے خاندانوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے لازمی پلائے جائیں۔
صوبائی سیکرٹری پرائمری وسکینڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہاکہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم میں ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد حصہ لیں گے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء مراد راس، فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈبلیو ایچ او، بل گیٹس فانڈیشن، یونیسف، روٹری انٹرنیشنل کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔