فوڈ اتھارٹی کا گوالا مافیا کیخلاف کریک ڈاﺅن، 1 ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف

10 Dec, 2017 | 10:34 AM

(حسن خالد): پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور کے داخلی راستوں پر ناقص دودھ سپلائی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن، ملاوٹ ثابت ہونے پر ایک ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت دودھ تلف کر دیا۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کی نگرانی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف ٹیموں نے علی الصبح شہر کے داخلی راستوں پر ناکے لگا کر دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی موبائل ٹیمز نے دودھ کا موقع پر ٹیسٹ کیا اور کیمیکل سمیت یوریا کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ایک ہزار لیٹر سے زائد دودھ کو ضائع کیا۔

 صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی گوالا مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔ مرحلہ وار دودھ کی انسپیکشن کی جارہی ہے۔ اگلے مرحلے میں شہروں میں دودھ فروخت کرنے والے سیل پوائنٹس بھی چیک کیے جائیں گے۔

بلال یاسین نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تمام تر توجہ عوامی مفاد کے تحفظ اور ان کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی پر مرکوز ہے۔ ملاوٹ شدہ دودھ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ تین ماہ کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمز نے چیکنگ کے دوران 2 لاکھ لیٹر سے زائد ناقص دودھ ضائع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیری سیفٹی کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، خشک دودھ بنانے والی فیکٹریوں کی بھی انسپکشن کی جائے گی۔

مزیدخبریں