سدھو موسے والا کے قاتل کو ہتھیار فراہم کرنے والا ڈیلر پکڑا گیا، ماسٹر مائینڈ گولڈی برابر کے گرد گھیرا تنگ

10 Aug, 2023 | 03:04 PM

ویب ڈیسک:  پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،  پولیس نے قاتل کو ہتھیار فراہم کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب بین الاقوامی اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کو امریکی  پولیس نے کیلیفورنیا میں گرفتار کیا ہے، جس کے بارے  میں یہ بات پہلے ہی منظر عام پر آ چکی تھی کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ہتھیار قاتل کو اسی نے دیئے تھے،اسلحہ ڈیلر کا سدھو موسے والا قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار اور لارنس بشنوئی سے قریبی تعلق ہے۔

 خیال رہے کہ گولڈی برار کینیڈا میں مقیم ہے جبکہ بشنوئی بھٹنڈہ سینٹرل جیل میں قید ہے، میڈیا ذرائع کے مطابق دھرمنجوت سنگھ کاہلون نے گولڈی برار کو وہ ہتھیار فراہم کئے جو مبینہ طور پر سدھو موسے والا کے قتل میں استعمال کیے گئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس گرفتاری سے گولڈی برابر کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

 یاد رہے کہ 28 سالہ بھارتی پنجابی گلوکار اور سیاسی کارکن سدھو موسے والا کو گزشتہ سال 29 مئی کو پنجاب کے مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، اس سے ایک روز قبل ریاستی حکومت نے ان کی سیکیورٹی میں کمی کی تھی۔

  ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت جلد ہی اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کی حوالگی کے سلسلے میں ایف بی آئی سے رابطہ کرے گی،اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کا تعلق پنجاب کے علاقے امرتسر سے ہے اور اس پر اے کے 47 رائفلز اور دیگر جدید ترین ہتھیاروں کی اسمگلنگ کا الزام ہے۔ 

مزیدخبریں