گرل فرینڈ کے لیے پیزا لانے والا نوجوان چھت سے گر کر ہلاک

10 Aug, 2023 | 12:49 PM

مانیٹرنگ ڈیسک: بھارتی شہر حیدرآباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جب 20 سالہ لڑکا اپنی گرل فرینڈ کے لیے پیزا لے کر گیا لیکن اس کے والد سے چھپنے کی کوشش میں چھت سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا جب 20 سالہ شعیب اپنی گرل فرینڈ کے لیے آدھی رات کو پیزا لے کر اس کے گھر جاپہنچا، گھر پہنچنے پر شعیب کو  لڑکی کے والد کے قدموں کی آواز سنائی دی تو وہ فوراً خوفزدہ ہوگیا اور اسی اثنا میں ٹیرس کے کنارے جاکھڑا ہوا، وہاں اس نے ایک تار کا سہارا لینا چاہا جو کہ کمزور تھی، شعیب اسی دوران چوتھی منزل سے نیچے جاگرا۔

رپورٹس کے مطابق لڑکا بیکری میں ملازمت کرتا تھا اور لڑکی کے بلانے پر اس رات وہ اُس کے گھر پیزا لے کر گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ چوتھی منزل سے گرنے کے بعد شعیب کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں جو اس کی موت کی وجہ بنی، گرنے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

رپورٹس کے مطابق 20 سالہ شعیب کے والد نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

مزیدخبریں