(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی 9 حلقوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں کوئی قانونی جواز بتائیں، قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا۔
عدالت کے سوال پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیرسماعت ہے۔جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ 123 حلقوں میں بھی الیکشن ہوجائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں، آپ الیکشن لڑیں۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی اور فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔