گرفتاری کے بعد شہباز گل کا بیان بھی سامنے آگیا

10 Aug, 2022 | 10:40 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) ریاستی اداروں کیخلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا بھی بیان سامنے آگیا، کہتے ہیں ادارے ہماری جان ہیں ان کے خلاف نہیں بلکہ بیورو کریسی کے بارے میں بات کی۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا کہ  انہوں نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی، کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی، ان کے بیان میں ایسا کچھ غلط نہیں جس پر شرمندگی ہو، ان کا بیان ایک محبت وطن کا بیان ہے، فوج سے پیار کرنے والے کا بیان ہے، انہوں نے سٹریٹجک میڈیا سیل کے افسران کو  کہا اور بیوروکریسی کے افسران کے بارے میں بات کی۔

دوسری جانب شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہباز گل کو پتہ نہیں کہاں سے لے کر آئے ہیں، ان کا میڈیکل کرایا جائے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہبازگل کے کپڑوں پر خون کے دھبے ہیں۔

واضح رہےکہ   اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو گزشتہ روز بنی گالہ جاتے ہوئے گرفتار کیا، پی ٹی آئی رہنما پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں،  ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آج پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

 

 

مزیدخبریں