کورونا وائرس کے ہاتھوں معروف گلوکارہ موت کا شکار

10 Aug, 2021 | 06:50 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے عوام الناس کا جینا محال بنادیا، اموات کی شرح میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے، کورونا وائرس کا شکار معروف گلوکارہ   بچہ کو جنم دینے کے ایک روز بعد انتقال کر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق بے قابو کورونا وائرس نے معروف گلوکارہ کی جان لے لی،گزشتہ روز گلوکارہ کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی جس پر  انہیں فوراً طبی امداد دی گئی لیکن  آکسیجن کی عدم دستیابی کے باعث مزید حالت بگڑ گئی،ملائیشن گلوکارہ سِتی سارہ رئیس الدین اپنے چوتھے بچہ کو جنم دینے کے ایک روز بعد کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔

اطلاعات کے مطابق کورونا کے باعث 37 سالہ ملائیشن گلوکارہ بچے کی پیدائش سے قبل آکسجن کی کمی کے باعث کومے میں چلی گئی تھیں،ہسپتال انتظامیہ نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا تھا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئیں۔

سِتی سارہ رئیس الدین کے شوہر کا کہنا ہے کہ کومے میں جانے سے قبل ان کی اہلیہ گھر پر قرنطینہ میں تھیں جہاں سے انہوں نے ویڈیو کال کی تھی اور وہ بے حد رو رہی تھیں۔

واضح رہے کہ ملائیشن گلوکارہ کے خاندان کے تمام افراد کو 25 جولائی کو کورونا ہوا تھا، کورونا  ہونے کے بعد  سِتی سارہ  نے اپنے انسٹاگرام پر ویڈیو بھی شئیر کی تھی جس میں وہ اور ان کے  بچوں کو روتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا، معروف گلوکارہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے اظہار افسوس کیا جارہا ہے جبکہ شوبز سے وابستہ لوگ اہلخانہ سے تعزیت بھی کررہے ہیں۔

مزیدخبریں