(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی خلائی مشن کے عہدیدار نے ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے بدعنوانی میں ملوث ملزمان کو فائرنگ اسکواڈ کے سامنے کھڑا کرکے گولیاں مارنے کی تجویز دیدی۔
روس کی خلائی ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ دمتری روگوزین نے کہا کہ روس کے ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس میں بدعنوانی کی سزا کو مزید سخت کیا جانا چاہیے، جس میں مجرم کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
روسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے روگوزین نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں کرپشن نہ صرف ریاستی فنڈز کی چوری ہے بلکہ سکیورٹی کی چوری بھی ہے جس سے روس کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا اس مجرم کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب میں بھی پارلیمنٹ میں تھا، میں نے عوامی طور پر کہا تھا کہ میری رائے میں فوجی صنعتی کمپلیکس میں کرپشن کی سزا فائرنگ اسکواڈ سے ہونی چاہیے قید سے نہیں۔
واضح رہے کہ روس میں فی الوقت سزائے موت پر پابندی عائد ہے جسے سال 1997 میں متعارف کرایا گیا تھا تب روس یورپ کی کونسل میں شامل ہوا تھا۔