( شہباز علی ) رحیم یارخان کی فلور ملز کی ہڑتال، لاہور سمیت صوبہ بھر میں آٹا نایاب، رحیم یار خان کی 65 فلور ملز کوٹہ کم کرنے پر بند کردی گئیں، شہری آٹا کی خریداری کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
فلور ملز کے گھر رحیم یارخان میں ملیں بند ہونے سے ہڑتال کا اثر ہر جگہ دکھائی دے رہا ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں آٹا نایاب ہو گیا جبکہ شہری آٹے کی تلاش میں خوار ہو گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی ہے کہ نہ مہنگائی کنٹرول ہورہی ہے اور نہ ہی چیزوں کی قلت دور ہوجاتی ہے۔
ایگزیکٹوممبر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عثمان محمود کا کہنا ہے کہ فلور ملز کو 6 بوری گندم کا کوٹہ دے کر مذاق کیا جارہا ہے، اس سے قبل فلور ملز کو گندم خریدنے بھی نہیں دی۔ حکومت فلور ملز کا کوٹہ کم کرکے عوام کو خود دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کررہی ہے۔
سب سے بڑے خریدار محکمہ خوراک نے گندم خریدی اور پھر دبالی، فلور ملز کے پاس گندم نہیں ہوگی تو آٹا کی دستیابی کیسے ہوگی۔ بزدار حکومت کی ناقص پالیسیاں عوام سے روٹی بھی چھین رہی ہیں۔