شاہین عتیق: سیشن عدالت میں مخالفین کی فائرنگ، پیشی پرآیا ملزم محمد نواز قتل، ملزمان فائرنگ کے بعد احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے، فائرنگ سے احاطہ عدالت میں بھگڈر مچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ کی ناقص سکیورٹی کا پول ایک بار پھر کھل گیا، ایڈیشنل سیشن جج میاں شریف کی عدالت کے باہر قتل کے ملزم کو سرعام فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، ملزم محمد نواز عبوری ضمانت کرانےسیشن کورٹ پہنچا تھا۔
متقول کے خلاف تھانہ شاہدرہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا تھا، ملزم پر اپنے رشتے دار جاوید کو پراپرٹی کے تنازعے پرقتل کرنے کا الزام تھا، کمرہ عدالت کے باہر فائرنگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، سکیورٹی اہلکار بروقت نہ پہنچ سکے اور ملزم فائرنگ کرتا با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کے بعد ایس پی سٹی تصورعلی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، صدر لاہور بار جی اے خان طارق نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے باہر اتنا بڑا واقعہ ہونا پولیس کی ناکامی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل اور مقتول کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا۔