لاہور میں بارش ہو گئی!

10 Apr, 2025 | 09:13 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  پاکستان میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے اسلام آباد میں بیٹھے ماہرین نے ایک بار پھر لاہور میں بارش ہونے کی پیش گوئی کر دی تو لاہور میں موسم کے غیر سرکاری سٹوڈنٹس نے کہا  کہ کل جمعہ کے روز لاہور میں موسم قدرے کم گرم رہے گا، آسمان پر تھوڑے بادل رہیں گے، تھوڑی ہوا چلے گی لیکن بارش بہرحال نہیں ہونے جا رہی۔ اس کے بعد یہ ہوا کہ آج علی الصبح بارش ہو ہی گئی۔

صبح 5 بجے کے لگ بھگ لاہور اور گرد و نواح کے علاقوں میں اچانک بادل اُمنڈ آئے اور ہلکی بارش شروع ہو گئی۔ اس ہلکی بارش نے شہر میں موسم خوبصورت کر دیا ہے۔ اب دن کے دوران سوج چمکے گا بھی تو اس کی تپش کم ہو گی۔

لاہور اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں چند روز سے غیر معمولی گرمی  پڑ رہی ہے۔  جمعرات کے روز  لاہور شہر میں  ٹمپریچر 39 ڈگری سیلسئیس تک پہنچا لیکن گرمی اس سے کچھ زیادہ محسوس ہوتی رہی۔ اس سے پہلے بدھ کے روز ٹمپریچر  41 ڈگری تک رہا جس سے گھبرا کر شہریوں نے گھروں میں ائیر کولر اور ائیر کنڈیشنر چلانا شروع کر دیئے۔

موسم کے غیر سرکاری آبزرورز نے بتایا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز  ویسٹرلی وبڈز کے زیر اثر لاہور اور وسطی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادل آئیں گے، کہیں کہیں بادل گرجیں گے اور تھوڑا بہت برسیں گے بھی،  ماحول میں حدت  قدرے  کم رہے گی لیکن  اتوار کے روز سے گرمی کی لہر اپنا جلوہ دکھانا شروع کر دے گی۔  اتوار سے شروع ہونے والے نئے ہفتے میں ٹمپریچر جون کے مہینے جیسا محسوس ہو گا، ایک آدھ دن تو تھرمامیٹر  43 ڈگری سیلسئیس  تک بھی بڑھے گا۔  

اتوار سے آئندہ اتوار تک  بارش کا امکان نہ ہونے کے برابر رہے گا تاہم  13 اپریل کو یکم بیساکھ ہو گی تو  پنجاب کے جن علاقوں میں یکم  بیساکھ کو بارش ہونے کی روایت ہے وہاں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

اس سال گرمی کا موسم طویل اور ہیٹ ویوز سے بھرا  ہو گا

موسم کے غیر سرکاری سٹوڈنٹس بتا رہے ہیں کہ اس سال گرمی کا موسم معمول سے کچھ زیادہ طویل ہے۔ اپریل کے آغاز سے پہلے ہی گرمی کا موسم عملاً شروع ہو چکا تھا۔ گزرا مہینہ مارچ اور اس سے پہلے فروری، جنوری، دسمبر ہماری ریکارڈ شدہ موسم کی تاریخ کے گرم ترین دسمبر، جنوری، فروری اور مارچ تھے، خدشہ ہے کہ یہ اپریل بھی ہماری تاریخ کا گرم ترین اپریل ہو گا۔

موسم کی عمومی حدت بڑھنے کے متعلق موسم کے ماہرین کی رائے منقسم ہے، کچھ کا خیال ہے کہ یہ موسمیاتی تبدیلی کا وہ عمومی اثر ہے جس سے ہمیں کئی سال سے ڈرایا جا رہا تھا۔ گلوب کا عمومی ٹمپریچر بڑھ رہا ہے اور جن علاقوں میں موسم شدید ہوتا ہے وہاں گرمی کے مہینے زیادہ گرم ہو رہے ہیں۔

اس کے ساتھ جنوبی ایشیا کے کئی علاقوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے ہیٹ ویوز آ رہی ہیں، ہیٹ ویو ایک موسمیاتی فنامنا ہے جس کے زیر اثر کسی مخصوص علاقہ میں ٹمپریچر  اس علاقہ کے ان خاص دنوں کے گزشتہ سالوں کے معمول (اوسط) سے چار پانچ ڈگری سیلسئیس تک زیادہ ہو جاتا ہے۔

اندیا کے میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے فروری میں فورکاسٹ کی تھی کہ اس سال مارچ، اپریل، مئی کے دوران کئی ہیٹ ویوو آئیں گی جن سے کئی علاقوں مین  زراعت متاثر ہو گی۔ پاکستان کا پنجاب اور سندھ بھی آج کل ہیٹ ویوو کی ہی زد میں ہیں جس کے سبب گرمی بڑھی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔

ویسٹرلی ونڈز کا معمولی اثر کیوں ہوا

پاکستان کے کئی علاقوں میں آج کل موسمیاتی فنامنا ویسٹرلی ونڈز کا اثر موجود ہے، یہ فنامنا عموماً بارش لاتا ہے اور ان ویسٹرلی ونڈز کی آمد سے پہلے پاکستان کے میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بارشوں کی پیش گوئی بھی کی تھی، لاہور میں کل بارش ہونے کی سرکاری پیش گوئی بھی اس پیش گوئی کا  ضمنی حصہ ہے، لیکن  جمعہ کی صبح تک یہ بارش بہت کم صرف چند بلند پہاڑی علاقوں میں ہوئی وہ بھی بس چھینٹے پڑنے کی حد تک۔ موسم کے غیر سرکاری سٹوڈنٹ ویسٹرلی ونڈز کی آمد کے باوجود بارش کم یا بالکل نہ ہونے کی وجہ عمومی خشک سالی کو قرار دے رہے ہیں جو کئی ماہ سے ہمارے خطہ میں موجود ہے۔ اس خشک سالی کا تعلق بحر الکاہل میں پیریاڈیکلی پیدا ہونے والی موسمیاتی فنامنا  لا نینا سے ہے۔

لانینا وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل میں سمندر کے پانی کی اوپر والی سطح کے اوسط سے زیادہ ٹھنڈے  درجہ حرارت  سے پیدا ہوتا ہے۔

سرکاری میٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس فنامنا کے 2025 میں پاکستان پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کی پیش گوئی کی تھی خاص طور پر، لا نینا سے خشک حالات پیدا ہونے کی توقع ہتھی، جو ممکنہ طور پر خشک سالی اور زرعی چیلنجوں کا باعث بنے گی، جبکہ بعض علاقوں میں بارش کے امکانات میں بھی اضافہ  بھی دیکھا گیا تھا۔ اس لانینا نے پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران آنے والی تمام ویسٹرلی ونڈز پر  اثر ڈالا اور یہاں بارش بہت کم ہونے دی۔

لانینا ختم ہو گیا????

آج جمعرات کی شب  امریکہ کے موسم کے ادارہ نے یہ  دل خوش کن خبر شئیر  کی ہے کہ لانینا ختم ہو گیا ہے۔ اس فنامنا کے ختم ہونے سے پاکستان کے موسم پر اس کے مرتب کئے ہوئے بد اثرات ( خشک سالی، زیادہ گرمی) بھی بتدریج ختم ہو جائیں گے۔ تاہم آج جمعہ کے روز لاہور میں بارش بس نام کی ہی بارش ہو گی۔ 

مزیدخبریں