سٹی42: صوبہ بھر کے سرکاری کالجز میں من پسند اساتذہ کی انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے باعث تدریسی نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کالجز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی تعیناتیوں میں مبینہ من مانی اور سفارشات کا عمل دخل بڑھ گیا ہے۔
لاہور سمیت مختلف ڈویژنز میں تدریسی عملے کو تدریسی فرائض سے ہٹا کر انتظامی عہدوں پر تعینات کر دیا گیا جن میں بعض کو بغیر کسی سینیارٹی یا اہلیت کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لگا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تعیناتیوں کے لیے زبانی اور تحریری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی واضح ہدایات کے باوجود ان تقرریوں پر عمل کیا گیا۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ تدریسی عملے کی انتظامی پوسٹوں پر تعیناتی کے باعث کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، اور طلبہ کو تدریسی عملے کی کمی کا سامنا ہے۔
اس معاملے پر ڈائریکٹوریٹ آف کالجز نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام تعلیمی عملے کو فوری طور پر واپس کالجز میں تعینات کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار متاثر نہ ہو۔