(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ ہم ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے جو فیصلہ ہوگااس کے اثرات ورلڈکپ پر بھی پڑیں گے، اگر ایشیا کپ کے میچ بھارت تیسرے ملک میں کھیلا تو ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے بھی ہوگا، بھارت سے کہہ دیا ہے کہ ہماری حکومت اور عوام ہمارے اس مؤقف کی تائید کرتی ہے، آپ نہیں آتے، تو ہم وہاں کیسے جائیں۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے ریڈ لائن ہے، بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، پاکستان کو ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر ایک ارب کا نقصان ہوگا جب کہ ورلڈکپ میں بھارت جانے سے انکار پر آئی سی سی سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے لیکن بھارت کو دو ٹوک کہا ہے حکومت اگر پاکستان جا کر کھیلنے سے منع کر رہی ہے تو تحریری ثبوت دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ حکومتی انکار پر کوئی ٹھوس شواہد دینے میں ناکام رہا ہے، پاکستان سپر لیگ سے اب اتنے پیسے کما لیتے ہیں کہ آئی سی سی نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں۔