جمائما کے بھائی کا عمران خان کی برطرفی پر ردعمل آگیا

10 Apr, 2022 | 10:11 AM

ویب ڈیسک:تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی بین گولڈاسمتھ سامنے آئے ہیں۔

برطانوی فنانسر اور ماہر ماحولیات بین گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پرعمران خان کی حمایت میں بیان جاری کیا۔رات گئے عمران خان کی برطرفی کے بعد بین گولڈ اسمتھ نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کو ’اچھا اور معزز آدمی‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان صرف اپنے ملک کیلئے اچھے سے اچھا کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔

بین گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ ’میرے بہنوئی عمران خان ایک اچھے اور معزز آدمی ہیں، اپنے ملک کیلئے اچھا کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں ، وزیر اعظم کے طور پر ان کا ریکارڈ غیر معمولی ہے۔

انہوں نے عمران خان کی ماحول دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ   عمران کی قیادت میں پاکستان نے ماحولیاتی بحالی کے حوالے سے  بہت کام کیا۔دریں اثنا، عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے اب تک پاکستان کی سیاسی صورتحال اور عمران خان کی برطرفی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مزیدخبریں