اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اپنے عہدے سےمستعفی

10 Apr, 2022 | 09:48 AM

ویب ڈیسک:وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں اٹارنی جنرل کے فرائض انجام دینے والے خالد جاوید خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق خالد جاوید خان نے اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ اٹارنی جنرل  نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کر دیا جس میں انہوں نے کہا  کہ فروری 2020 سے اب تک اٹارنی جنرل کے طور پر خدمات سر انجام دیں جس کے لیے عمران خان کا شکر گزار ہوں۔استعفے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کے لیے اپنی تمام تر صلاحیت اور لگن سے کام کیا، اب اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوتا ہوں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد دو ڈپٹی اٹارنی جنرلز نے حکومت کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے عہدوں سے مستعفی ہو گئے تھے۔

انہوں نے اپنے عہدے کے دوران وزیراعظم عمران خان کو مختلف مواقع پر قانونی مشورے فراہم کیے۔وہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ریفرنس پر بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔



مزیدخبریں