این اے 75 ڈسکہ الیکشن، (ن)لیگ کے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس جاری

10 Apr, 2021 | 02:56 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے این اے 75 ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ( ن) لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ذیشان رفیق ضمنی الیکشن کے دوران بونکانوالا پولنگ اسٹیشن پہنچے،ذیشان رفیق کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے لیگی ایم پی اے کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا جس کے باعث پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق کو واپس جانے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے (ن) لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو نوٹس جاری کر دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حلقے کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، ایم پی اے ایک روز میں اپنا جواب جمع کروائیں بصورت دیگر ان کے کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رواں سال 19 فروری کو این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے ان تمام واقعات کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے الیکشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے حلقے میں ری پولنگ کا کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی تھی

مزیدخبریں