(مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 75 ڈسکہ الیکشن، پولیس نے پولنگ اسٹیشن کے قریب سے 9 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن شامل ہیں۔
ڈسکہ میں این اے 75 پر ضمنی انتخاب کے دوران پولیس نے اگوچک میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کے قریب اسلحہ بردار 9 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن شامل ہیں، گرفتار افراد سے کلاشنکوف، دو پستول، ایک رائفل برآمد ہوئی جبکہ ملزموں کی دوگاڑیاں بھی پولیس نے قبضے میں لے لیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈسکہ ستراہ میں اسلحہ کی نمائش کرنے پر پانچ افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچوں کوشکایت پر گرفتار کیا گیا، ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں ملزمان سے تفتیش کر رہے ہیں۔
واضح رہےکہ عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئےتھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی، رواں برس19 فروری کو اس خالی نشست کیلئے ہونے والا الیکشن بدنظمی کا شکار ہوگیا تھا،الیکشن کمیشن نے 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے ان تمام واقعات کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے الیکشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے حلقے میں ری پولنگ کا کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی تھی۔اب سپریم کورٹ کے حکم پر دوبارہ اس حلقے میں الیکشن ہورہے ہیں جس کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔