نشتر پارک ( حافظ شہباز علی) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد محمد حفیظ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں مزید 2 اعزاز اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 10 اپریل کووانڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، چار میچوں پر مشتمل اس سیریز کا یہ پہلا میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میچ میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔ چالیس سالہ کرکٹر اگر 10 اپریل کو قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔
اس سے قبل صرف شعیب ملک ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرپائے ہیں، وہ 116 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں، اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما (111میچز) کا دوسرا، انگلینڈ کے ائن مورگن، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور راس ٹیلر (102میچز) کا تیسرا نمبر ہے۔ محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا، جہاں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھاجہاں ہفتے کو ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے، محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بنا چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 2335 رنز بناچکے ہیں، محمد حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے اب تک آئی سی سی کی جانب سے 6 ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد کیا جاچکا ہے، ان چھ میں سے پانچ مواقع ایسے تھے کہ جہاں محمد حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کی۔وہ صرف 2009 میں منعقدہ ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
جہاں محمد حفیظ سیریز کے پہلے میچ میں یہ دونوں اعزاز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے تو وہیں بابراعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان کی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز میں جیت کے تسلسل کو اس نئے فارمیٹ میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی، آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم فی الحال 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ میزبان جنوبی افریقہ 251 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
اس فہرست میں انگلینڈ (272)کا پہلا، بھارت (270) کا دوسرا جبکہ آسٹریلیا (267) کا نمبر تیسرا ہے، مہمان ٹیم اگر سیریز کے چاروں میچز جیت جاتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ان کے پوائنٹس کی تعداد 264 ہوجائے گی تاہم اگر نتائج اس کے برعکس ہوتے ہیں تو پھر جنوبی افریقہ کی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں چوتھے اور پاکستان چھٹے نمبر پر چلا جائے گا۔
آئی سی سی پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم تیسرے بہترین بیٹسمین ہیں، اس فہرست میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کا پہلا جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ کا دوسرا نمبر ہے۔باؤلرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، اس فہرست میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کا نمبر 12واں اور فہیم اشرف کا 19واں ہے۔اب تک دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں سے 9 میں جنوبی افریقہ جبکہ 8 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، اس تناظر میں یہ سیریز پاکستان کے لیے برتری حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی ہے۔