ڈسکہ کے عوام آج خوشحالی پر مہر لگائیں گے: حمزہ شہباز

10 Apr, 2021 | 08:41 AM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (عمر اسلم) اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل پر مہر لگائیں گے، مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اور سپورٹر ووٹ کا پہرہ دے گا، حکومت غنڈہ گردی، غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چوری، دھاندلی میں ملوث سرکاری افسروں کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کریں گے، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، ڈسکہ میں الیکشن کی ذمہ داری پر مامور افسر اور عملہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف انتخاب، عوام اور ووٹ کی حفاظت یقینی بنائے، دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو الیکشن افسر اور عملہ اسے ماننے سے انکار کر دے، انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ کاؤنٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں خبردار کرتا ہوں کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے، ووٹ چوروں کی شکست ان کی اقتدار سے روانگی کا ذریعہ بنے گی، ایک بار پھر ڈسکہ کے عوام کی فتح کا سورج طلوع ہوگا، عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی، بے روزگاری کا ظلم ڈھانے والے لٹیرے حکمرانوں کو مسترد کریں۔

 

 

مزیدخبریں